مینگلور 2 فروری (ایس او نیوز) مینگلور سے بنگلور جانے والی گیس سے بھری ایل پی جی ٹینکر بنٹوال تعلقہ کے سوریکومورو مسجد کے سامنے نیشنل ہائی وے پر اُلٹ گئی، قسمت اچھی رہی کہ ٹینکر سے گیس خارج نہیں ہوئی۔ واردات منگل کی صبح پیش آئی۔
ٹینکر ایسی حالت میں سڑک پر اُلٹ گئی کہ پورا نیشنل ہائی وے 75 بند ہوگیا جس سے ٹریفک جام ہوگئی، لیکن مقامی عوام نے سواریوں کے لئے جگہ بنائی ، مینگلور سے آنے والی سواریوں کو کلّڈکا، وٹھلا روڈ کی طرف موڑ دیا گیا جبکہ اُپیننگڈی سے آنے والی سواریوں کو مانی، بڈولی اور کڈبا روڈ کی طرف موڑ کر نیشنل ہائی وے پر جام سواریوں کو خالی کرایا گیا۔اطلاع ملتے ہی وٹھلا پولس اور فائیر بریگیڈ کے عملے بھی جائے وقوع پر پہنچ گئے اور معاملے کو فوری طور پر سنبھال لیا۔ اس موقع پر مقامی بُڈولی یوتھ فیڈریشن اور سوریکومورو بدریہ ینگ مین کے اراکین سمیت دیگر مقامی لوگوں نے بھی حالات پر فوری قابو پاتے ہوئے اپنے ممبران کو الگ الگ مقامات پر متعین کردیا تاکہ سواریوں کو جائے حادثہ کی طرف جانے سے روکا جاسکے۔
حادثہ کے فوری بعد مسجد کے لاوڈ اسپیکر سے تمام لوگوں کو حادثہ کے تعلق سے مطلع کیا گیا اور اُنہیں خبردار کیا گیا کہ وہ اپنے گھروں میں آگ بالکل نہ جلائیں۔
یاد رہے کہ گیس ٹینکر کے اُلٹنے سے ساحلی کرناٹکا کے کئی علاقوں میں گیس کے اخراج کے سبب آگ بھڑکنے کے کئی واقعات رونما ہوچکے ہیں جن میں کئی لوگوں نے اپنی جانیں بھی گنوائی ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ گیس ٹینکر کو حفاظت سے اُٹھانے کے لئے ماہرین کی ٹیم جائے واردات پر پہنچ چکی ہے اور ٹینکر کو ہٹانے کا کام جاری ہے۔ فی الحال مینگلور ۔ بنگلور نیشنل ہائی وے پرسواریوں کو اوپر بتائے گئے روٹ پر و موڑ دیا گیا ہے۔